• news

مطالبات ماننے کی حکومتی یقین دہانی، ینگ ڈاکٹرز کا لانگ مارچ 18 مئی تک مؤخر

لاہور (نیوز رپورٹر) حکومت پنجاب کی جانب سے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے لانگ مارچ کی کال 18 مئی تک موخر کر دی ہے۔ اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اجمل چودھری نے بتایا کہ ینگ ڈاکٹرز نے حکومت کی طرف سے مطالبات منظور نہ ہونے پر 11 مئی کو صوبے بھر میں لانگ مارچ کی کال دی تھی لاہور میں سوموار والے روز ینگ ڈاکٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں حکومت نے رضامندی ظاہر کی ہے کہ آئندہ 3 سے 4 روز میں گریڈ 17 اور گریڈ 18 کے ڈاکٹرز کی تنخواہ میں 10 ہزار روپے کا اضافہ کیا جائے گا جبکہ گریڈ 19 اور گریڈ 20 کی تنخواہ میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی کے وظیفے میں 9 ہزار روپے اضافہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے ڈاکٹرز کے سروس سٹرکچر کے بارے میں قائم کمیٹی آئندہ 3 سے 4 روز میں مطالبات کی منظوری لے کر ڈاکٹرز کو آگاہ کرے گی۔ حکومت کی اس یقین دہانی پر ینگ ڈاکٹرز نے لانگ مارچ کی کال 18 مئی تک موخر کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن