پی کے 8 میں ضمنی الیکشن‘ انتخابی خلاف ورزی پر عمران خان‘ فضل الرحمن کو نوٹس
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) الیکشن کمشن نے ضمنی انتخابات میں جلسہ کرنے کی انتخابی خلاف ورزی پر عمران خان اور مولانا فضل الرحمن کو نوٹسز جاری کر دیئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل الیکشن کمشنر اور پی کے 8 میں ضمنی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسر پیر مقبول احمد کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں بڑے جلسوں کا انعقاد انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ اس لئے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں منعقد کئے جانے والے جلسے پر عمران خان اور مولانا فضل الرحمن کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ پی کے 8 میں 12 مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے 31 مارچ کو الیکشن کمشن نے ضابطہ اخلاق کا اعلامیہ جاری کیا تھا جس کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔