حیدرآباد: دو ٹرینوں میں تصادم‘ انجن بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں‘ ڈرائیور فائر مین زخمی‘ ریلوے ٹریفک معطل
حیدر آباد (نمائندہ نوائے وقت) حیدرآباد کے قریب دو حادثات کے بعد ریلوے ٹریک پر کراچی اور لاہور کے درمیان آمدورفت بُری طرح متاثر ہوئی، پٹھان گوٹھ کے قریب دو ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں انجن ڈرائیور اور فائرمین شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پیر کو صبح لطیف آباد لاہور سے کراچی جانے والے گڈز ٹرین حیدرآباد ریلوے سٹیشن سے کچھ فاصلے پر پٹھان گوٹھ پر رکی ہوئی تھی کہ عقب سے آنیوالی دوسری ٹرین کے انجن 4714 نے عقب سے بوگی کو ٹکر مار دی‘ ڈرائیور جمیل اختر اور فائرمین مشتاق علی شدید زخمی ہو گئے۔ انجن اور گڈز ٹرین کی بوگی کو کاٹ کر دونوں زخمیوں کو نکالا گیا، کچھ دیر بعد اللہ ڈنو ساند ریلوے سٹیشن کے قریب مرید سپیو ریلوے پھاٹک کے پاس لاہور سے کراچی آنیوالی گڈس ٹرین کا انجن اور 7 بوگیاں اچانک پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں پھر ٹریفک معطل ہو گیا۔