بی جے پی نے مودی کی بی اے‘ ایم اے کی ڈگریاں جاری کر دیں: جعلی ہیں‘ کیجریوال اپنے مؤقف پر قائم
نئی دہلی (اے این این + رائٹرز) بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے وزیراعظم نریندر مودی کی بی اے اور ایم اے کی ڈگریاں جاری کر دیں اور دہلی کے وزیراعلیٰ اور عام پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نریندر مودی سے ان کی ڈگریوں کو جعلی قرار دینے کیلئے معافی مانگیں‘ لیکن عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے اس دعویٰ کا اعادہ کیا ہے کہ یہ ڈگریاں جعلی ہیں۔ بی جے پی کے صدر دفتر میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صدر امیت شاہ نے کہا کہ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے وزیراعظم کی ڈگریوں کے بارے میں بے بنیاد افواہیں پھیلا رکھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گریجوایشن دہلی یونیورسٹی سے اور ایم اے گجرات یونیورسٹی سے کیا۔ ایم اے انہوں نے سیاسیاست میں کیا تھا۔ یہ تعلیم انہوں نے مراسلاتی کورس کے طورپر حاصل کی تھی۔ ڈگریوں کے ساتھ ساتھ ان کی مارک شیٹس بھی جاری کی گئی ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے ایک نیوز کانفرنس میں امیت شاہ کے دعوے کو مسترد کر دیا اور کہاکہ جو ڈگریاں اور مارکس شیٹ آج جاری کی گئی ہیں‘ ان میں نام اور سنہ کا فرق ہے۔ وزیراعظم کی بے اے کی جو مارکس شیٹ جاری کی گئی ہیں‘ اس میں انہیں ایک بار پاس اور ایک بار فیل دکھایا گیا ہے۔ بی جے پی رہنمائوں کی پریس کانفرنس کے ایک گھنٹہ بعد کیجریوال نے میڈیا کو بتایا کہ مودی کی دکھائی گئی ڈگریاں جعلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس ثبوت ہیں کہ مودی کے نام کی ہی کسی اور کی ڈگریوں کو استعمال کیا گیا ہے۔