معلوم تھا جرگے والے بیٹی کو قتل کرنے کیلئے لے جا رہے ہیں: والدہ عنبرین
ایبٹ آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایبٹ آباد میں جرگے کے حکم پر قتل ہونے والی لڑکی عنبرین کے بھائی نے کہا ہے کہ قتل سے ایک روز پہلے تک سب معمول کے مطابق تھا۔ نعمان کے مطابق میری بہن عنبرین نے رات کو ٹی وی پر ڈرامہ دیکھا، روٹیاں پکائیں اور ہم سب کے ساتھ کھانا کھایا۔ فجر میں آنکھ کھلی تو عنبرین گھر پر نہیں تھی۔ گاڑی میں سے جلی ہوئی نعش ملی۔ عنبرین کی والدہ شمیم بی بی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ انہیں معلوم تھا جرگے والے انکی بیٹی کو قتل کرنے کیلئے لے جا رہے ہیں۔ روکنے پر اکلوتے بیٹے کو بھی مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سہیلی کو بھگانے کیلئے انکی بیٹی مار کر جلایا گیا۔ بااثر افراد کے ڈر سے انہوں نے پولیس کو کچھ نہیں بتایا۔ عنبرین کے والد نے مجرموں کو سخت سزا دینے کی اپیل کی ہے۔