لاہور سمیت پنجاب بھر میں 23 مئی سے انسداد پولیو مہم شروع کی جائیگی
لاہور (آئی این پی) لاہور سمیت صوبے بھر میں 23مئی سے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب میں ای ڈی اوز کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن ڈاکٹر اجمل ملک، ایڈیشنل سیکرٹری عدنان ظفر، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مختار حسین اور ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر منیر احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ای ڈی او لاہور ڈاکٹر ذوالفقار، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی، ہیلتھ ریفارمز ٹیم سمیت صوبے بھر کے ای ڈی اوز بھی شریک تھے۔ سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سرزنش کی گئی۔ جبکہ اجلاس میں 23مئی سے لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے اعلان کیا گیا۔ ڈاکٹر اجمل ملک نے ای ڈی اوز کو سرکاری ہسپتالوں میں خون کی منتقلی، آپریشن تھیٹرز کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری صحت علی جان نے ای ڈی اوز کوآئندہ مالی سال کے لئے بجٹ تجاویز بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔