لاپتہ افراد کے معاملے پر عدالتیں خاموش نہیں بیٹھ سکتیں: سندھ ہائیکورٹ
کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور دیگر حکام کو 23 مئی تک کیلئے نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ میں 140 سے زائد لاپتہ افراد کے حوالے درخواستوں کی سماعت پیرکو سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس عرفان سعادت کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے لاپتہ حسین زیدی سے متعلق درخواست پر عدالت میں حاضر نہ ہونے پر ایس ایچ او مبینہ ٹائون کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے۔ دوران سماعت عدالت نے کہاکہ درخواست گزار پریشان ہیں لیکن انکے پیاروں کی بازیابی کیلئے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ پولیس افسران کے اپنے بچے غائب ہوتے تو یہ اپنے بچوں کیلئے تڑپ رہے ہوتے لاپتہ افراد کی بازیابی کے معاملے پر عدالتیں خاموش نہیں بیٹھ سکتیں۔ عدالت نے55 نئی درخواستوں پر ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور دیگر حکام کو 23 مئی تک کیلئے نوٹس جاری کردئیے۔