• news

پشاور، کوئٹہ، بنوں میں 11 دہشتگرد گرفتار، قصور، گوجرانوالہ، اسلام آباد میں 35 مشتبہ پکڑے گئے

پشاور+ بنوں+ لاہور (نوائے وقت پورٹ+ ایجنسیاں+ نامہ نگاران) سکیورٹی فورسز نے پشاور، کوئٹہ اور بنوں میں کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جبکہ قصور، گوجرانوالہ اور اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل پولیس یونٹ نے بنوں میں کارروائی کر کے 3دہشت گردوں کو گرفتارکر کے اسلحہ برآمد کر لیا، علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے ملک میں ممبئی طرز کے حملوں کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی، پشاور اور کوئٹہ سے 8 دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پانچ دہشت گرد پشاور اور تین کو کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گرد ملک کے بڑے شہروں میں ممبئی کی طرز پر دہشتگردی کرنا چاہتے تھے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس نے گزشتہ روز تھانہ صدر چونیاں کے علاقوں شمس پورہ، کھوکھر اشرف اور نین وال میں سرچ آپریشن کے دوران 10مشکوک افراد کو حراست میں لیکر ناجائز اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ سرچ آپریشن کے دوران 65 گھروں کو چیک کیا گیا 200 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ این این آئی کے مطابق پولیس رینجرز اورحساس اداروں نے اسلام آباد میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 18 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے تھانوں میں منتقل کر دیا، اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان اور پولیس نے کلی اسماعیل میں کارروائی کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ادھر پشاور کے علاقے دیر کالونی میں دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن