الیکشن کمشن حکام سے اے این پی کے وفد کی ملاقات، پی کے 8 پشاور میں پری پول رگنگ کیخلاف درخواست دیدی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن حکام سے عوامی نیشنل پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ اے این پی کے وفد کی سربراہی افراسیاب خٹک کر رہے تھے۔ وفد میں زاہد خان اور بشریٰ گوہر شامل تھیں۔ اے این پی کے حکام نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 8 پشاور میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے اپنے تحفظات پیش کئے۔ الیکشن کمشن کے ایڈیشنل سیکرٹری فدا محمد نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمشن ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے اقدامات کرے گا۔ اے این پی کے وفد نے پی کے 8 میں پری پول رگنگ سے متعلق درخواست الیکشن کمشن میں جمع کرا دی جس میں کہاگیا کہ حکومت تمام سرکاری وسائل کا استعمال کر رہی ہے اس حوالے سے افراسیاب خٹک نے بعدازاں بتایا کہ انتخابات میں دو دن باقی ہیں اور حکومت ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر رہی ہے۔ الیکشن کمشن کی اجازت کے بغیر پشاور میں عمران خان نے جلسہ کیا، سرکاری اخراجات سے اشتہارات کی ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔