کسی کو کراچی کا امن خراب نہیں کرنے دینگے: قائم علی شاہ، کورکمانڈرکی ملاقات
کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں دہشت گردی کیخلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے کافی مثبت اثرات مرتب ہوئے لیکن ٹارگٹ کلنگ کے چند وا قعات سے ہماری بھرپورکوششوں پر پانی پھیرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ہمیں شہر میں مکمل امن کے لئے یک جامع پلان تشکیل دینا ہوگا جو کہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے بات چیت کے دوران کہی انہوں نے کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور امن وامان کی صورتحال، ٹارگٹڈ آپریشن، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں اور حالیہ رونما ہونے والا خرم ذکی کی ٹارگٹڈ کلنگ اور دیگر مسائل پر بات چیت کی۔ ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں پڑے کیسز اور ملٹری کورٹس کو بھیجے گئے مقدموں سے متعلق پیشرفت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ صفورہ سانحے کے مقدمے کو ملٹری کورٹ بھیجنے اور اس سے متعلق مطلوبہ ضروری کارروائیاں مکمل ہونے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور محکمہ وزارت داخلہ سندھ کی رہنمائی کی روشنی میں تشکیل دی گئی صوبائی قانونی ٹیم بھی اس کیس کی پیروی کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خرم ذکی کے قتل کیس میں تفتیش کی جا رہی ہے اور قاتل بہت جلد گرفتار ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لیاری میں دستی بم پھینکنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہم امن و امان کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ہم نے جامع کوششوں کے بعد شہر کا امن و امان بحال کرایا ہے اور اب اسکو دیر پا اور پائیدار بنانے کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں شہر میں قائم کئے گئے امن و امان کی صورتحال کو دیر پا بنانے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائیگی۔