اوکاڑہ ملٹری فارم میں مزارعین کیخلاف طاقت کا استعمال‘ سینٹ میں تحریک التوا جمع
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت ا ﷲبابر نے گزشتہ دنوں اوکاڑہ ملٹری فارم کے مزارعین کے خلاف بہیمانہ ریاستی طاقت استعمال کرنے سے پیدا ہونے والے مضمرات پر بحث کے لیے سینٹ میں تحریکِ التوا جمع کرا دی ہے۔ تحریکِ التوا میں کہا گیا ہے عالمی یومِ کسان کے موقع پر 17 اپریل کو اپنے حقوق اجاگر کرنے کے لئے کسانوں نے پرامن اور آئینی انداز میں اظہار کیا تھا لیکن ریاست اس خوف سے کہ اس کے ظلم بے نقاب ہو جائیں گے، نے ان دیہاتیوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ نہتے دیہاتیوں کو مارا پیٹا اور درجنوں کو گرفتار کر لیا۔ ان پر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے۔ تحریک میں اس خدشہ کا اظہار بھی کیا گیا ہو سکتا ہے ان لوگوں پر فوجی عدالت میں مقدمات چلائے جائیں۔ اس سے ایک ایسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جس سے ریاست اور سماج کے لئے مضمرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ یہ اطلاعات بھی ہیں انجمن مزارعین پنجاب کے گرفتارجنرل سیکرٹری کو ساہیوال جیل سے فوجی علاقے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ دہشتگردوں اور مزارعین کے درمیان فرق کو یاد رکھا جانا چاہئے ورنہ دہشتگردی کے خلاف جنگ متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسی صورتحال کا سینٹ کو نوٹس لینا چاہیے۔ مزارعین کے حقوق ان کو دیئے جائیں۔