• news

افغانستان :طالبان کا حملہ آپریشن 10 پولیس اہلکار , 106شدت پسند ہلاک

کابل(نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی)افغان سکیورٹی فورسز کے آپریشن اور ڈرون حملے میں106شدت پسند ہلاک اور57 زخمی ہوگئے جبکہ2پاکستانیوں سمیت داعش کے 30شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا، ہلمند میں طالبان کے حملے میں 10 پولیس اہلکار مارے گئے۔ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا۔منگل کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوںمیں افغان نیشنل پولیس نے آرمی اور انٹیلی جنس کے ساتھ مل کر 31 انسداد دہشتگردی آپریشز کیے۔ صوبہ کنڑ، ننگرہار، پروان، لوگر، میدان وردک، دالکنڈی، قندھار، زابل، ارزگان، ہلمند، ہرات، سرائے پل، جائوزجان، قندوز اور تخار میں کیے گئے۔ شمالی صوبہ جائوزجان کے ضلع ماردیان میں طالبان کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ 2راکٹ لانچر،47راکٹ گرینیڈ،31 مارٹرز ،100کلوگرام دھماکہ خیز مواد ،18مختلف اقسام کی رائفلز،9اے کے 47رائفلز،ایک بم لانچر،100مختلف اقسام کی آئی ای ڈیز اور 14موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔ قندوز میںامریکی ڈرون حملے میں 7شدت پسند ہلاک اور 2زخمی ہوگئے۔ حملے میں گاڑی تباہ ہوگئی۔ ننگرہار میں فورسز نے داعش کے 16جنگجوئوں کو گرفتارکرلیا۔صوبائی پولیس کے ترجمان کرنل حضرت حسین مشرقی وال نے بتایا ہے کہ داعش جنگجوئوں کو ضلع باٹی کوٹ سے ایک آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا ۔سیکورٹی فورسز نے ضلع رودات سے 2پاکستانیوں سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔قندوز ہسپتال پر حملے کی رپورٹ کے بعد یقینی ہو گیا امریکی فوجی لڑاکا مشن میں شریک ہیں۔ افغان صوبے ننگر ہار میں طالبان مخالف کمانڈر کے گھر کے سامنے خودکش کار بم دھماکے میں 10افراد مارے اور 23 زخمی ہو گئے۔ گورنر نے حملے کی تصدیق کرتے کہا ضلع نازیان میں حملہ میں زخمیوں میں کمانڈر ملک دہقان بھی شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن