’’سانحہ ماڈل ٹائون کے 2 سال‘‘ طاہر القادری 17 جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینگے
لاہور (سید عدنان فاروق) پاکستان عوامی تحریک 17جون کو سانحہ ماڈل ٹائون کے دو سال مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے گی، اور دھرنے کی قیادت عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کریں گے جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری 16 مئی تک ایک پریس کانفرنس میں اپنی واپسی اور مستقبل کا لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے، جون کے دوسرے ہفتے وطن واپس پہنچ جائیں گے، عوامی تحریک کا مال روڈ پر دھرنا 24گھنٹے جاری رہے گا اور ڈاکٹر طاہر القادری حکومت مخالف تحریک کا باضابطہ اعلان کرکے مسلم لیگ ن حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کریںگے اور اگلے مرحلہ میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملائیںگے ، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر حکمت عملی بنائی جائے گی، اس بار اسلام آباد کی بجائے لاہور کو تحریک کا مرکز بنایا جائے گا۔ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں مال روڈ دھرنا میں دو لاکھ افراد کو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلعی اور ڈویژنل تنظیموں کو معمول کی سرگرمیاں معطل کرکے رابطہ کارکن اور عوام مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد تحریک کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری سے مسلسل رابطے میں ہیں اور شیخ رشید نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی ذمہ داری لی ہے۔ عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون کو سانحہ ماڈل ٹائون کو دو سال مکمل ہو رہے ہیں اس دن کو یوم شہداء کے طور پر منایا جائے گا۔