• news

پی ایم ڈی سی آرڈیننس بروقت منظور نہ ہونے سے مسائل بڑھ گئے: قانونی جنگ شروع

اسلام آباد (قاضی بلال/ خصوصی نمائندہ) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) آرڈیننس بروقت منظور نہ ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھنے لگے اور قانونی جنگ شروع ہوگئی ہے موجودہ اور سابقہ کونسل نے ایک دوسرے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس میں دائر کر دی ہیں۔ سابقہ کونسل نے سندھ ہائیکورٹ حیدر آباد بینچ سے توہین عدالت کے نوٹسز جاری کرا دیئے ہیں توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہوگی۔ پی ایم ڈی سی کی جانب سے ان کے وکلاء پیش ہونگے۔ معزول کونسل کے ممبر پروفیسر اعظم یوسفانی نے سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد بینچ میں موقف اختیار کیا ہے کہ آرڈیننس لیپس ہوگیا ہے جس کے بعد کونسل کا وجود غیر قانونی ہوگیا ہے دوسری جانب موجودہ کونسل نے بھی بلوچستان ہائیکورٹ میں سابقہ کونسل کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔ دوسری جانب صدر پی ایم ڈی سی ڈاکٹر شبیر لہڑی نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کونسل ممبر نے بلوچستان ہائیکورٹ میں پی ایم ڈی سی کی معزول انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی رٹ دائر کردی ہے جس میں کہا گیا کہ معزول کونسل منتخب ہی نہیں ہے اور نہ ہی اس کا نوٹیفکیشن ہوا تھا۔ صدر پی ایم ڈی سی کا کہنا تھا کہ پرسوں 13 مئی کو سینٹ سے پی ایم ڈی سی آرڈیننس منظور ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق معزول کونسل کے صدر ڈاکٹر مسعود حمید خان نے گزشتہ روز 10 مئی کو کراچی میں طلب کیا گیا اجلاس ملتوی کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن