عمران فاروق قتل کیس: ملزموں کا آج جیل میں ٹرائل شروع ہوگا،وزیر داخلہ نے 3 رکنی ٹیم کو برطانیہ جانے کی منظوری دیدی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ آئی این پی+ صباح نیوز) وزرات داخلہ نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر کو احکامات جاری کردیئے۔ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں گرفتار ملزموں کا (آج) بدھ سے جیل ٹرائل شروع ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزمان معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی کا کل سے جیل ٹرائل شروع ہوگا، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کے جج کوثرعباس زیدی کریںگے۔دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس، ’’را‘‘ فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی گواہ سرفراز مرچنٹ سے مزید تفتیش کیلئے3رکنی سپیشل ٹیم کی برطانیہ جانے کی منظوری دیدی ہے۔ سپیشل ٹیم میں ڈائریکٹر ایف آئی اے مظہرالحق کاکاخیل ، ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات اور آئی ایس آئی کا ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران فاروق قتل کیس اور ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کا جائزہ لیں گے۔