پاک فضائیہ کی جنگی مشقیں ٹیمپیسٹ ۔II شروع ہو گئیں
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کی جنگی مشق ٹیمپیسٹ II شروع ہو گئی ہے۔ مشق کے آغاز کے موقع پر اس کے اغراض و مقاصد پر مبنی ایک تفصیلی بریفنگ نور خان آڈیٹوریم ، ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ جنرل راشد محمود ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مہمان خصوصی جبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان بھی اس بریفنگ میں موجود تھے۔ تینوں افواج کے اعلیٰ افسران نے بھی اس مشق کی بریفنگ میں شرکت کی ۔ پاک فضائیہ تینوں افواج کے ساتھ مل کر نئے جنگی تناظر اور ان کے حصول کے لئے جنگی مشق ٹیمپیسٹ ۔ II کا انعقاد کر رہی ہے۔ جنگی مشق کی بنیاد پاک فضائیہ کے آپریشنل نظریات پر مبنی ہے جبکہ اس کا مقصد مستقبل کے کسی بھی تنازعے میںفضائی قوت کی اہمیت کو جانچنا ہے۔یہ مشق نہ صرف حکمتِ عملی اور آپریشنز پر دانشورانہ بحث کا آغاز کرتی ہے بلکہ یہ چیلنجز کے دوران اپنی قوت کو جانچنے کے لئے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے جو کہ پاک فضائیہ کے ارتقاء اور نشو ونما کے لئے بہت اہم ہے۔یہ مشق پاک فضائیہ کی آپریشنل پلاننگ کا اہم جزو ہے اور اس کے نتائج جنگ کے دوران پاک فضائیہ کی منصوبہ بندی کے لئے معاون ثابت ہونگے۔ فضائی قوت اپنی ابتداء سے اب تک کئی سالوں سے جنگ کے دوران ایک بہترین اور حتمی قوت ثابت ہوتی ہے۔فضائی قوت کی استعداد اور صلاحیت کی وجہ سے یہ کسی بھی جنگ کا بنیادی محور بن چکی ہے۔