’’مالک‘‘ پر پابندی کیخلاف درخواستیں، وفاقی، پنجاب حکومت کو جواب کیلئے آخری موقع
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے فلم ’’مالک‘‘ کی نمائش پر پابندی کے خلاف دائر درخواستوں پر وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 19مئی تک ملتوی کر دی۔ درخواست گزاروں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید،محبوب عالم ایڈووکیٹ اور مقامی شہری منیر احمد کے وکلاء نے موقف اختیار کیا ہے کہ فلم ’’مالک‘‘ میں معاشرتی برائیوں اور کرپشن کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فلم نہ تو ملکی سالمیت کے خلاف ہے نہ ہی معاشرتی اقدار کے خلاف بنائی گئی مگر اس کے باوجود حکومت نے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے معاشرے کے اصلاح کے نقطہ نظر سے بنائی گئی مالک فلم کی نمائش پر پابندی عائد کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔