ملت پارک: گلی میں کھیلتے پائپ تلے دب کر 8 سالہ بچہ جاں بحق‘ بھائی زخمی‘ ورثاء کا احتجاج
لاہور (نامہ نگار) ملت پارک کے علاقہ میں گلی میں کھیلتے ہوئے 8سالہ بچہ واسا کے پائپ تلے دب کر جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔ بچے کی ہلاکت پرورثاء اور اہل علاقہ نے ٹائر جلا کر واسا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملت پارک کے علاقہ آویاں چوک کے رہائشی فرمائش کے دوبیٹے8 سالہ عادل اورساڑھے5 سالہ شاہ زیب گلی میں کھیل رہے تھے اس دوران گلی میں واسا کی طرف سے رکھے گئے سیوریج پائپ نیچے لڑھک گئے جس سے دونوں بھائی پائپوں تلے دب گئے۔ بچوں کی چیخ و پکار پر اہل محلہ اکٹھے ہوگئے اور زخمی بچوں کو پائپوں تلے سے باہر نکالا۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ دونوں بچوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے عادل کی موت کی تصدیق کردی جبکہ اس کے بھائی شاہ زیب کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ بیٹے کی ہلاکت کی اطلاع ملنے پر گھر میں کہرام مچ گیا بچے کے والدیں دھاڑیں مار مار کرروتے رہے۔واقعہ کے بعد اہل علاقہ نے پولیس کے خلاف ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور واسا حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے حوالے سے تاحال درخواست موصول نہ ہوئی ہے، درخواست موصول ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔