• news

لاہور: انٹر پارٹ ٹو مارننگ کا انگریزی پرچہ امتحان شروع ہونے کے گھنٹے بعد آئوٹ

لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور بورڈ کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو سالانہ امتحان میںگذشتہ روز امتحان شروع ہونے کے 1گھنٹہ بعد وٹس ایپ کے ذریعے انگریزی مارننگ کے سوالیہ پیپر کی تصویر امتحانی سنٹرز کے باہر بھجوا دی گئی بورڈ انتظامیہ نے سوالیہ پیپر آؤٹ کرنے والے کی تلاش شروع کر دی اور مقدمہ درج کرا دیا بورڈ انتظامیہ کی جانب سے تمام سنٹروں میں سپرنٹنڈنٹ سمیت عملے کے موبائل فون لے جانے پر بھی پابندی لگا دی گئی جبکہ موبائل کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو امیدواروں اور عملہ کیساتھ ساتھ اب سپرنٹنڈنٹس کو بھی مکمل چیکنگ کے بعد سنٹروں میں داخلے کی اجازت دے گی بورڈ قوانین کے مطابق تمام امتحانی سنٹروں میں ہاف ٹائم سے قبل امیدواروں کو سوالیہ پیپر باہر لے جانے کی اجازت نہیں دی جاتی تاکہ نقل کا امکان نہ رہے گزشتہ روز 491 امتحانی مراکز میں صبح اور شام کے سیشنز میںانگریزی کا پرچہ ہوا پہلے سیشن کے دوران کسی سنٹر سے پرچہ شروع ہونے کے 1گھنٹے بعد نامعلوم شخص نے وٹس ایپ کے ذریعے سوالیہ پیپر کی تصاویر امتحانی سنٹر کے باہر بھجوا دیں جس پر انتظامیہ نے چیکنگ شروع کی اور ناجائز ذرائع کے استعمال پررول نمبر 643098, 643122, 643170, 643207, 641040, 641056, 366038, 654494, 629005, 140634 اور 640644 خلاف کیسز بنائے گئے لیکن چیکنگ کے دوران سوالیہ پیپر واٹس اپ کرنے والے کی نشاندہی نہ ہو سکی بورڈ انتظامیہ نے معاملہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئندہ تمام امتحانی سنٹروں میں سپرنٹنڈنٹس اور عملہ کے موبائل کے داخلے پر مکمل پابندی لگا دی۔ چئیرمین تعلیمی بورڈ کی طرف سے تمام ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ بنک برانچ سے سوالیہ پرچہ جات سپرنٹنڈنٹس کو بر وقت وصول کروائے جائیں دوسری جانب وزیراعلی پنجاب نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو انگریزی کا پرچہ آئوٹ ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی کے حکم پر واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کیپٹن (ر) نسیم نواز کمیٹی کے کنوینر جبکہ ممبر وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم احمد علی ظفر، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار، چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ عمر سیف اور سی ای او پنجاب ایگزامینیشن کمیشن ناصر اقبال ملک ممبر ہونگے کمیٹی 3 روز میں رپورٹ پیش کریگی۔

ای پیپر-دی نیشن