فیصل آباد : غیرت کے نام پر بیوی، بہن اور بھتیجی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا
فیصل آباد+جڑانوالہ (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) تھانہ بلوچنی کے نواحی گائوں میں غیرت کے نام پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے تین شادی شدہ خواتین کو قتل کر دیا۔ ملزم واہگ نے اپنے دیگر ساتھیوں محسن، شاہد کے ہمراہ اپنی بیوی بہن نسرین اور بھتیجی زہراں کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ گھریلو کام کاج میں مصروف تھیں۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ بلوچنی کے نواحی گائوں چک 92ر ۔ ب کے رہائشی واہگ ولد بگا کی شادی اپنی قریبی رشتہ دار فرزانہ سے ہوئی تھی کچھ عرصہ قبل ملزم واہگ کو محسوس ہوا کہ اس کی بیوی کے مبینہ طور پر کسی سے مراسم ہیں جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا چلا آ رہا تھا جس پر فرزانہ میکے آ گئی۔ واہگ نے اپنے دیگر ساتھیوں مہسن، شاہد کے ہمراہ اپنی بیوی فرزانہ ، بہن نسرین اور بھتیجی زہراں کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ گھریلو کام کاج میں مصروف تھیں اور موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے۔ مقتولین کے اہل خانہ کے مطابق واہگ کا اپنی بیوی فرزانہ سے گھریلو جھگڑا چلا آ رہا تھا اور وہ رو ٹھ کر اپنے میکے آئی ہوئی تھی جس کو منانے کیلئے وہ آیا ناکامی پر طیش میں آ کر اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ شروع کر دی جس سے فرزانہ سمیت گھر میں موجود تینوں خواتین مو قع پر ہی دم توڑ گئیں۔ دوسری طرف پولیس تھانہ بلوچنی نے فرزانہ کے باپ ناصر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد میں 3خواتین کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔علاوہ ازیں سی پی او فیصل آباد نے تھانہ بلوچنی کے علاقہ میں تہرے قتل کا نوٹس لے لیا ہے اور جائے وقوعہ کا دورہ کیا، ایس ایچ او بلوچنی انسپکٹر مشتاق کے مطابق فرزانہ بی بی، نسرین بی بی، زہرا بی بی اپنے گھر موجود تھی۔ زہرا بی بی کے دیور شاہد وغیرہ نے بدچلنی کے شبہ میں فائرنگ کرکے قتل کیا۔ سی پی او فیصل آباد افضال احمد کوثر نے ایس پی سی آئی اے اعجاز شفیع ڈوگر اور ایس پی جڑانوالہ عاطف حیات کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی۔ وقوعہ کا مقدمہ تھانہ بلوچنی میں درج کر لیا گیا۔