• news

اسلام آباد ہائیکورٹ: افتخار چودھری کو بلٹ پروف گاڑی دینے کا عدالتی فیصلہ کالعدم

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاق کی اپیل منظور کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو بلٹ پروف گاڑی دینے سے متعلق عدالتی فیصلہ کالعدم کر دیا ہے اور کیس دوبارہ سنگل بنچ کو بھجواتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین کو سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے وکلاء رہنمائوں احسن الدین شیخ اور توفیق آصف کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس کو سیکورٹی خدشات کی بنا پر بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا فیصلہ دیا تھا جس کے خلاف وفاق نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سنگل بنچ نے متعلقہ فریقین کو سنے بغیر فیصلہ جاری کر دیا لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق این قریشی کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو بدھ کو مختصراً سنایا گیا۔ تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن