• news

صاف پانی منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کر دیا، عوام کا حق دے رہے ہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور پنجاب حکومت نے شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا۔ اس کا براہ راست تعلق لوگوں کی صحت سے جڑا ہوا ہے۔ وزیر اعلی نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں مانیٹرنگ اور تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام بھی متعارف کرایا گیاہے۔ اس بڑے منصوبے کے تحت آئندہ دو برس کے دوران صوبے کے دیہات میں بسنے والے لوگوںکو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس پر 117 ارب روپے کی خطیر رقم صرف کی جائے گی اور صوبے کے دیہات میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کاآغاز جنوبی پنجاب کے اضلاع سے کیا جارہا ہے اوراس ضمن میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا کا ابتدائی کام شروع ہو چکا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت شہری اور دیہی علاقوں کے لئے متوازن ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے اور یہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لئے فلاحی اور تعلیمی پروگرامز میں 10فیصد زائد کوٹہ مختص کیاگیا۔ صاف پانی پراجیکٹ کے تحت سینٹرز بھی قائم کئے جائیں گے جہاں سے لوگ پینے کا صاف پانی حاصل کریں گے جبکہ اور واٹر فلٹریشن پلانٹس چلانے کیلئے سولر پینلز بھی لگائے جائیں گے تاکہ بجلی کی بندش کی صورت میں بھی پانی کی فراہمی جاری رہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے کے وسائل پر پہلا اورآخری حق عوام کا ہے اور پنجاب حکومت صاف پانی پراجیکٹ جیسے فلاحی منصوبے شروع کر کے یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے۔ منصوبے کو تیزرفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دن رات ایک کردے گی۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سماجی شعبوں میں بہتری لانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جا رہا ہے اورپنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح عوامی مفاد کے اس بڑے منصوبے پر بھی شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے کام کیاجائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن