• news

عدالتی کمشن سے تحقیقات میں تاخیر ہو سکتی ہے، نیب وزیراعظم کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیتا: عمران

بنوں (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کا مقابلہ کر کے کرپشن کے بادشاہ نواز شریف کا احتساب کریں گے، نواز شریف آپ کے کتنے اثاثے ہیں اور کہاں، کہاں ہیں، میاں صاحب ہم آپ سے سچ پوچھنا چاہتے ہیں ، قوم غریب ہو گئی ہے نواز شریف امیر ہو گئے، پانامہ لیکس پر نواز شریف کو قوم کو جواب دینا پڑے گا، نیب کے چیئرمین کے سامنے وزیراعظم کی کرپشن کے سارے ثبوت آگئے ہیں پھر بھی نیب کارروائی کیوں نہیں کررہا اس سب کی ذمہ داری نیب کے چیئرمین پر ہے، میں پاکستانیوں سے کہوں گا کہ سب لوگ نیب کو نواز شریف کے خلاف کارروائی کیلئے خط لکھیں اگر ہم سچ اور حق پر کھڑے ہو جائیں تو نیاپاکستان بنا سکتے ہیں،کرپشن اس ملک کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے، فضل الرحمان اور اکرم درانی نے مجھے للکارا تو یہاں میں بنوں آیا، سنگاپور اور ملائیشیا والوں کو عظیم لیڈر اور ہمیں نوازشریف ملے، سنگاپور اور ملائیشیا کے لیڈروں نے کرپشن ختم کی، سنگاپور اور ملائیشیا اوپر اور پاکستان نیچے جانے لگا ہے۔ وہ بنوں میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک بھی موجود تھے۔ عمران نے کہا کہ سنگاپور میں عظیم لیڈر اور ملائیشیا میں ایماندار اور مہاتیر محمد آئے، سنگاپور اور ملائیشیا کے لیڈروں نے کرپشن ختم کی، سنگاپور اور ملائیشیا کے عروج کی وجہ لیڈر شپ تھی۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ہم آپ سے سچ پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ کے کتنے اثاثے ہیں اور کدھر ہیں، وقت آگیا کہ قوم سے سچ بولیں، جس ملک کا لیڈر کرپٹ ہو وہ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم نواز شریف نے 8 سالوں میں 28 فیکٹریاں بنائیں، نواز شریف اقتدار میں کرپشن اور کاروبار بڑھانے آتے ہیں، اگر نیب میں کیس جائے گا تو نواز شریف کو جواب دینا پڑے گا، میاں صاحب جتنے مرضی ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں جلسے کرلیں آپ کو حساب دینا ہو گا، نوید اور جاوید شہید کے والد سے وعدہ کرتا ہوں ان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے گا، نواز شریف چند دن پہلے اسی جگہ تمبو میں جلسہ کررہے تھے اور ان کے ساتھ کالاچشمہ لگاکر ایک طر ف پرانے وزیراعلی ٰاکرم درانی تھے، اکرم درانی نے مجھے جلسے میں للکارا، مولانا فضل الرحمان اور اکرم درانی نے للکارا تو یہاں بنوں آیا۔ اکرم درانی صاحب آپ کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آگیا کہ آپ ہماری حکومت گرانے کے قابل ہو گئے، اکرم درانی صاحب آپ کے پاس ہمارے ایم پی ایزکو خریدنے کیلئے پیسہ کہاں سے آیا، سب جانتے ہیں وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے درانی کے پاس کتنا پیسہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنی پارٹی کا نام بدل لینا چاہیے، وہ اسلام کو بدنام نہ کریں اور اپنی پارٹی کے نام میں سے علماء ہٹا کر علماء کی توہین ہونے سے بچائیں جبکہ اسلام کا لفظ بھی خارج کردیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب کو کہوں گا کہ وہ اپنی پارٹی کا نام جمعیت علما اسلام کی بجائے ’’کرپشن بچائو پارٹی‘‘ رکھ لیں۔ ٹی وی کے مطابق عمران کا کہنا تھاکہ نیب کا کام کرپشن کے خلاف کارروائی کرنا ہے، اب تو ثبوت بھی آ گئے ہیں لیکن نیب کارروائی کیوں نہیں کر رہا، انہوں نے نیب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر شریف خاندان کے احتساب کا عمل شروع کیا جائے، عمران کا کہنا تھا کہ بڑے مگرمچھ نہیں پکڑے جاتے تو نیب کا کیا فائدہ؟ چھوٹے موٹے چور تو پولیس بھی پکڑ لیتی ہے۔ انہوں نے وفاق کے احتسابی عمل کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے خیبر پی کے میں نیا احتسابی بل آ رہا ہے جس سے صوبے میں 100 روپے کی کرپشن کرنے والا بھی نہیں بچ پائے گا۔ صباح نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ عدالتی کمشن سے تحقیقات میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ ٹیکس چوری کے معاملے پر چیئرمین نیب وزیر اعظم کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے نیب میں کیس جائے گا تو ہفتوں میں تحقیقات ہو جائے گی۔ این این آئی کے مطابق عمران نے کہا کہ جو کام نیب کر سکتی ہے جوڈیشل کمشن بھی نہیں کر سکتا، نیب نے میاں صاحب کا احتساب شروع کر دیا تو پاکستان بدل سکتا ہے۔ اے این این کے مطابق عمران نے کہا حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے پاکستان بہت پیچھے چلا گیا، وزیراعظم کے خلاف ثبوت ہونے کے باوجود نیب ان کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیتا ، عوام کرپشن کے بادشاہ نوازشریف کے احتساب کیلئے کھڑے ہوجائیں، دریں اثنا تحریک انصاف کے جلسے کے بعد سپورٹس کمپلیکس میں بھگدڑ سے مرکزی گیٹ کا ستون گر گیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ عمران خطاب کے بعد روانہ ہوئے تو جلسہ گاہ میں بھگدڑ مچ گئی۔ بنوں میں عمائدین نے خواتین کو جلسے میں شرکت کرنے سے روک دیا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں خواتین کی بڑی تعداد آتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن