غداری کیس: خصوصی عدالت نے مشرف کو اشتہاری قرار دیدیا ، عدالتی نوٹس گھر پر چسپاں کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+دی نیشن رپورٹ ) خصوصی عدالت میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کیس کی سماعت میں عدالت نے ملزم پرویز مشرف کو بار بار طلب کرنے کے باوجودپیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار ہوئے عدالتی نوٹس ان کے گھر پر چسپاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مشرف کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ کیس کی مزید سماعت 12جولائی تک ملتوی کردی ہے، عدالت نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد کے باعث کیس کی سماعت دو ماہ کے لئے ملتوی کی جا رہی ہے۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو استغاثہ اور دفاع کے وکلاء اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لاء اور دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور سیکرٹر ی داخلہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت کے استفسار پر سیکرٹری داخلہ کی جانب سے ملزم مشرف کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے جواب جمع کرایا گیا، ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایاکہ وہ عدالتی حکم کی تعمیل کے لئے کراچی میں واقع پرویز مشرف کی رہائش گاہ (کراچی) گئے تھے جہاں ان کو بتایاگیاکہ سابق صدر پہلے یہاں مقیم تھے لیکن ابھی وہ یہاں سے جا چکے ہیں ، ایف آئی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرکے مطابق عدالتی نوٹس پہنچانے کیلئے وہ چک شہزاد میں واقع پر فارم ہائوس میں بھی گئے جہاں سے بتایاگیاکہ سابق صدر بیرون ملک چلے گئے ہیں ، عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ مشرف کے ضامن راشد قریشی نے جمع کردہ بانڈکے مساوی رقم جمع کرادی ہے جس پر عدالت نے ضامن کے اثاثے ریلیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سابق صدرکو اشتہاری قراردیا اورکہاکہ سابق صدرکے حوالے سے قومی اخبارات میں اشتہار شائع اور ان کے گھر و عدالت کے باہراشتہاری قراردینے کے نوٹس چسپاں کئے جائیں۔ استغاثہ کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت کو بتایاکہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں اب ان کی جگہ بیرسٹر حسن دلائل دیں گے جس پرعدالت نے ان سے کہاکہ اگران کی طبعیت ٹھیک نہیں تو دوسرا کوئی بھی وکیل صرف ان کی موجودگی میں دلائل دے سکے گا، عدالت نے وکلائے صفائی سے کہاکہ عدالتی حکم کے باوجود وہ کیوں ملزم کو عدالت میں پیش نہیں کرسکے جس پر فیصل چودھری نے بتایاکہ وہ پہلے دن سے ہی عدالت کی معاونت کررہے ہیں۔ انہوں نے مشرف کو عدالتی احکامات اور طلبی بارے فون پر اطلاع کردی تھی عدالت نے ان سے کہاکہ بے شک وہ عدالت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں لیکن ملزم تو پھر بھی پیش نہیں ہوئے، فیصل چودھری نے کہا کہ عدالت جو حکامات دے گی وہ من و عن اپنے موکل تک پہچانے کے پابند ہیں، بعدازاں عدالت نے مذکورہ احکامات دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔