پاکستان کرکٹ ٹیم کا 2 ہفتے کے لئے تربیتی کیمپ انگلینڈ میں لگانے کا فیصلہ
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کی نئی سلیکشن کمیٹی کی تجویز پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کا 2 ہفتے کا ٹریننگ کیمپ انگلینڈ میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایبٹ آباد میں قومی ٹیم کا فزیکل فٹنس کیمپ 14 مئی سے شروع ہو رہا ہے، پہلے یہ کیمپ چار جون کو ختم ہونا تھا تاہم اب کیمپ 28 مئی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی تجویز پر پی سی بی نے ہمپشائر کاونٹی میں 16 جون سے کیمپ لگانے کی تیاریاں کرلی ہیں۔ انضمام الحق کا موقف ہے کہ دورہ انگلینڈ کی مقررہ تاریخوں سے قبل انگلینڈ پہنچ کر کھلاڑی وہاں کے موسم سے ہم آہنگ ہوں گے اور انگلینڈ سے سیریز سے قبل وہاں کی وکٹوں پرکھیل کرکھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔دوسری جانب چیف سلیکٹر کی جانب سے تجویز کو پی سی بی نے بھی منظور کرلیا ہے تاہم چیئرمین پی سی بی شہریارخان کی حتمی منظوری ملنے کی صورت میں پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پاکستان آمد سے پہلے سلیکشن کمیٹی اپنا ہوم ورک مکمل کر لے گی۔ انضمام الحق نے بتایا کہ دورہ انگلینڈ سے پہلے فٹنس کیمپ بڑی اہمیت کا حامل ہے، سلیکشن کمیٹی کیمپ میں موجود رہے گی اور کھلاڑیوں کو مانیٹر کرے گی تاکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے پاکستان پہنچنے سے پہلے سلیکشن کمیٹی ہوم ورک مکمل کر لے اور پھر ہیڈ کوچ سے مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی جا سکے۔ انضمام الحق نے کہا کہ امکان ہے کہ جون کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا۔