• news

آئی جی سندھ نے پولیس میں 1800 جعلی بھرتیاں ہونے کا اعتراف کر لیا، اخراجات سیاستدانوں کی وجہ سے بڑھتے ہیں، قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

کراچی (این این آئی) آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے سامنے پولیس میں سیاسی بھرتیوں اور بے ضابطگیوں کا اعتراف کر تے ہوئے کہا ہے کہ جعلی بھرتیاں کرنے والے افسروں کے خلاف نیب تحقیقات کر رہی ہے، پولیس کے اخراجات سیاستدانوں کی وجہ سے بڑھتے ہیں۔ بدھ کو سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین سید اویس شاہ کی صدارت میں ہوا۔ بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس میں 1800 جعلی بھرتیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر یا جہاز کے لئے فیول کی خریداری کی خبر درست نہیں، تاہم گاڑیوں کے لئے فیول کی خرید و فروخت میں دھاندلی ضرور ہوئی ہے۔ سکیورٹی زون کی زیادہ گاڑیاں سیاستدانوں کے ساتھ ہیں، سیاستدانوں کے ساتھ سفر کی وجہ سے فیول زیادہ لگتا ہے۔آئی جی سندھ نے سٹینڈنگ کمیٹی سے درخواست کی کہ سندھ پولیس کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سید اویس شاہ نے ڈی آئی جی سکھر کو عدم حاضری پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن