عزیر بلوچ کا 14 روزہ ریمانڈ مکمل، جیل بھجوانے کا حکم
کراچی (این این آئی) انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لیاری گینگ کے سرغنہ عزیر بلوچ کو 14 روزہ ریمانڈ پورا ہونے پرجیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو 14 روز میں چالان جمع کرانے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وارکے اہم کردار سردار عزیر بلوچ کو 14 روزہ ریمانڈ پورا ہونے پربدھ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ عزیر بلوچ کے منہ پر سفید کپڑا ڈال کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے عزیر بلوچ کا طبی معائنہ کروانے کا بھی حکم دیا۔یاد رہے لیاری گینگ وار کے سرغنہ کے خلاف قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی سینکڑوں ایف آئی آر درج ہیں، دورانِ تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس نے یہ کارروائیاں سندھ حکومت کے چند سابق وزراء کے کہنے پر کیں تھیں جبکہ سہولت کار کے طور پر پی پی کراچی کے سابق صدر عبدالقادر پٹیل کا نام لیا تھا۔