2018ء تک بجلی بحران پر قابو پالیں گے،ترجمان وزیراعظم ہائوس
کولاب (این این آئی)وزیراعظم ہائوس کے ترجمان مصدق ملک نے کہاہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے تمام طرح کی کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں،حکومت ایل این جی کے ذریعے بجلی کے حصول کے لیے کوشاں ہے تربیلا فور کے توسیعی پروگرام ،کوئلے کے پروجیکٹس اور نیلم جہلم سے بھی بجلی حاصل کی جائے گی، اس کے علاوہ سولر اور ونڈ سے بھی بجلی پیدا کرنے کے کئی پروجیکٹس پر کام کیا جا رہا ہے،2018تک وہ بجلی کے بحران پر قابو پا لے گی، حکومت بجلی مہنگی پیدا نہیں کررہی ،جرمن ریڈیو سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ترجمان وزیرِ اعظم ہاوس مصدق ملک نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت بجلی کی چار سے پانچ ہزار میگاواٹ کی کمی ہے، تاجکستان سے درآمد کی جانے والی بجلی توانائی کے بحران کو کم کرنے میں معاون ہوگی اس سے خطے کے ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئی گی اور جب پاکستان کے پاس ضرورت سے زیادہ بجلی ہوگی تو اْسے برآمد بھی کیا جائے گاکیونکہ یہ بجلی افغانستان کے راستے پاکستان آئے گی اس لئے وہاں کی صورتِ حال بہتر کرنے کے لئے دونوں ممالک کام کر رہے ہیں۔