• news

پاک چین منصوبوں میں شفافیت، انسداد بدعنوانی کا کام مزید تیز کر رہے ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے انٹر نیشنل ایسوسی ایشن آف اینٹی کرپشن اتھارٹیز کے صدر اور چین کے پراسیکیورٹر جنرل پروفیسر کائوجیان منگ سے ملاقات کی ‘جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور انسداد کرپشن سے متعلق امور زیربحث آئے۔ چیئرمین نیب جو ان دنوں چین کے دورے پر ہیں، نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات آزمائش کی گھڑی میں بھی پورے اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے باہمی تعلقات‘سٹرٹیجک‘ اقتصادی اور دیگر امور کے حوالے سے نمایاںاقدامات کئے ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کے کام کو بھی مزید تیز اور بہتر کیا جارہا ہے تا کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ بڑے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور کرپشن کے عنصر کا مکمل طور پرخاتمہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو نے اس ضمن میں بہت کام کیا ہے ‘جس کی مثال پلڈاٹ کی حالیہ سروے رپورٹ ہے‘ اس سروے رپورٹ میں قومی احتساب بیورو کی کارکردگی کو 42فیصد بتایا گیا ہے جبکہ پولیس کی کارکردگی 29فیصد اور حکومتی افسروں کے کارکردگی 26 فیصد قرار دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن