ہائیکورٹس کو از خود نوٹس لینے کا اختیار نہیں: عدالت عظمیٰ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے ہائی کورٹس کو ازخود نوٹس لینے کا اختیار نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے افغانستان کو پولٹری اور مویشیوں کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے کہا کہ پشاورہائیکورٹ کافیصلہ غلط تھا ، جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی پشاور ہائیکورٹ نے کچھ عرصہ قبل صوبہ خبیر پی کے سے افغانستان کو مویشیوں اور پولٹری کی بڑے پیمانے پربرآمد اور سمگلنگ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے افغانستان کوپولٹری اورمویشیوں کی برآمد پر پابندی عائدکرتے ہوئے پشاور میں پولٹری اورگوشت کی قیمتیں مقررکی تھیں جس کیخلاف پولٹری ایسوسی ایشن خیبرپی کے نے سپریم کورٹ رجوع کیا ،جس نے پشاورہائیکورٹ کافیصلہ معطل کیاتھا ۔ عدالت نے بعد ازاں کیس نمٹا دیا۔