• news

سرکاری ملازموں کو فٹ بال نہیں بننے دینگے، ایماندار افسروں کے ساتھ ہیں: سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سٹاف افسر ٹو رجسٹرار راجہ ظہور احمد کو اپنے اصل محکمے وزارت ہائوسنگ و تعمیرات میں واپس بھجوانے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 16 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ سرکاری ملازمین کو فٹ بال نہیں بننے دیا جائے گا وہ بے یارومددگار نہیں، عدالت ایماندار اور محنتی افسروں کی پشت پر کھڑی ہے اگر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہوا تو عدالت متعلقہ حکام کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے گی۔ درخواست گزار کے وکیل نے سٹاف افسر رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ راجہ ظہور احمد کے انضمام، ان کی خدمات اپنے محکمہ کو واپس کرنے اور محکمہ سے ان کو واپس لینے انکار کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ فاضل جج نے کہا کہ افسروں کا انضمام کرنا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ گذشتہ تین سال سے وفاقی حکومت نے ملازمین کو فٹبال بنا رکھا ہے کسی کو یہاں کسی کو وہاں پوسٹ کیا جاتا ہے جس سے افسروں کی صلاحتیں متاثر ہوتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن