• news

کل بھوشن تک سفارتی رسائی، بھارتی درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ افغان فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کاوشیں جاری ہیں۔ بھارت آمادہ ہو تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ ’’را‘‘ کے افسر کلبھوشن تک سفارتی رسائی کی بھارتی درخواست کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ ایف 16 طیاروں کی خریداری پر ہمارا مؤقف بڑا واضح ہے۔ امید ہے کہ امریکہ ایف 16 طیاروں کے معاملے پر ہمارا موقف سمجھ جائے گا۔ ’’را‘‘ کا افسر کل بھوشن پاکستان میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی امداد میں ملوث ہے اور بھارت اپنے جاسوس تک سفارتی رسائی مانگ رہا ہے۔ افغان طالبان سے مذاکرات آسان معاملہ نہیں۔ یہ معاملہ چار ملکی میکنزم میں شامل تمام ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ افغانستان چار ممالک کے اس گروپ کا ایک اہم حصہ ہے۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرحد بہت طویل ہے جس کے باعث دونوں ممالک کو غیرقانونی دراندازی سمیت بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ یہ صورتحال سامنے رکھتے ہوئے پاکستان نے چند اقدامات اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چند اختلافات کے باعث پاکستان افغان سرحد کو وقتی طور پر بند کیا گیا ہے۔ اس معاملے پر دونوں ممالک رابطہ میں ہیں۔ امن مذاکرات کیلئے افغان حکومت اور افغان طالبان کو رضامند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف ہماری امریکہ سے گہری شراکت داری ہے۔ دہشت گردی صرف ایک ملک نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ عالمی برادری بالخصوص امریکہ سے امید کرتے ہیں کہ وہ اس ضمن میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔ سارک اجلاس کا پاکستان بھارت مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ دونوں کے اوقات کار میں فرق ہے۔ پاکستان بھارت سے مذاکرات شروع کرنے کو تیار ہے بشرطیکہ بھارت بھی مذاکرات کو تیار ہو۔ پاکستان بھارت سے بامقصد، بامعنی اور دیرپا مذاکرات چاہتا ہے۔ سعودی عرب میں بن لادن گروپ نے دس ہزار ملازمین کے واجبات ادا کر دیئے ہیں۔ چار سو سے زائد پاکستانی ملازمین نے بن لادن کمپنی سے واجبات کی عدم وصولی پر پاکستانی سفارت خانہ سے رابطہ کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن