ایران نے آبنائے ہر مزکو بند کرنے کی کوشش کی تو سختی نمٹیںگے:امریکہ
واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) کے ترجمان پیٹر کک نے کہاہے کہ واشنگٹن عالمی معیشت کے لیے اس قدر اہمیت کی حامل سمندری گزرگاہ کو بند کرنے کی کسی بھی کوشش کے ساتھ بھرپور انداز سے نمٹے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک تازہ بیان میں کک کا کہنا تھا کہ امریکہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق آبنائے ہرمز میں اپنے طیاروں اور بحری جہازوں کی نقل وحرکت کو جاری رکھے گا۔ یہ ردعمل ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر حسین سلامی کے اس بیان کے جواب میں سامنے آیا ہے جس میں سلامی نے دھمکی دی تھی کہ اگر ایران کے امن کو خطرہ ہوا تو امریکی بحری جہازوں اور اس کے حلیفوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے نہیں دیا جائے گا۔ پینٹاگون کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ دنیا کے اس حصے میں ہماری فوجیں تجارتی آمد ورفت کی آزادی کی ضمانت اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے موجود ہیں۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے نائب کمانڈر نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران ان بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دے گا جو اس کے امن کے لیے خطرہ ہوں گے۔