علی حیدرگیلانی کی بازیابی افغان فورسز کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا ثبوت ہے: امریکہ
واشنگٹن(این این آئی) امریکہ کے وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو افغانستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانے سے بازیاب کروانے کے لیے کیا گیا فوجی آپریشن، شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں افغان سیکیورٹی فورسز کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پینٹاگون سے جاری بیان میں ایشٹن کارٹر کا کہنا تھا کہ امریکہ نے علی حیدر گیلانی کی واطن واپسی کے لیے پاکستان اور افغان حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا۔ پاکستان واپسی سے قبل علی حیدر گیلانی کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔ کارٹر کا کہنا تھا کہ القاعدہ کے ٹھکانے پر چھاپہ افغان سیکیورٹی فورسز کی بڑھتی ہوئی اور موثر صلاحیتوں کا اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ افغان سیکیورٹی فورسز اور امریکی فورسز کے درمیان مضبوط اور انٹیلی جنس شراکت داری کی بھی ایک شاندار مثال ہے۔ ایشٹن کارٹر نے مزید کہا کہ امریکی فورسز اپنے افغان شراکت داروں کے ساتھ کام جاری رکھیں گی، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کا کوئی محفوظ ٹھکانہ نہیں ہے۔