”اختلافات“ راجہ ریاض نے پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کی تصدیق کر دی
فیصل آباد (احمد جمال نظامی سے) پیپلزپارٹی کے سابق سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض احمد خاں نے تحریک انصاف میں شمولیت کی تصدیق کر دی ہے اور کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پہلے ہی بہت کمزور سیاسی جماعت بن چکی ہے جبکہ آئندہ بھی چار چھ سال تک مضبوط سیاسی جماعت کے طور پر ابھرتی ہوئی نظر نہیں آ رہی۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض احمد خاں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 20مئی کو عمران خان کے تاریخی جلسے میں تحریک انصاف میں شامل ہونے کا باضابطہ طور پر اعلان کر دوں گا۔ پیپلزپارٹی چھوڑنے کی وجوہات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کچھ لوگوں سے اختلافات تھے جن کا نام نہیں لوں گا لہٰذا ان اختلافات کی بناءپر پارٹی کو خیرباد کہا۔ راجہ ریاض احمد نے کہا کہ تحریک انصاف میں شامل ہو کر اسے فیصل آباد میں محنت کر کے مزید مضبوط جماعت بنائیں گے تاہم تحریک انصاف کے کسی دھڑے کی طرف سے میری تحریک انصاف میں شمولیت پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔ شاہ محمود قریشی، چوہدری سرور اور جہانگیر ترین اور عمران خان سے رابطہ ہو چکا ہے جس کے بعد تحریک انصاف میں شامل ہوا ہوں البتہ تحریک انصاف فیصل آباد کے حلقہ پی پی 65 کے ٹکٹ ہولڈر ظفر سندھو مخالفت کر رہے ہیں اس کے علاوہ تحریک انصاف فیصل آباد سٹی اور ضلع کے تمام عہدیداران اور کارکن میرے ساتھ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو مشکل وقت میں نہیں چھوڑ رہا۔ تحریک انصاف کا مستقبل بہتر ہو گا۔ محنت کر کے اس جماعت کو فیصل آباد میں اور آگے لے جائیں گے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ زندگی کے 35سال پیپلز پارٹی میں گزارے اور جان و مال سے زیادہ پارٹی کی خدمت کی۔ پیپلز پارٹی کے متعدد رہنما¶ں نے مجھے پیپلز پارٹی سے دور کر دیا ہے۔ قیادت کی خاطر ماریں کھانے والے جیالوں کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے اس لئے پنجاب میں پی پی کا صفایا ہوا ہے۔