سکاٹ لینڈ یارڈ کی پارلیمنٹ میں پہلی بار پاکستانی نژاد حمزہ یوسف کا اردو میں حلف، شیروانی پہن رکھی تھی
سکاٹ لینڈ (نوائے وقت رپورٹ) سکاٹش پارلیمنٹ میں پہلی بار پاکستانی نژاد حمزہ یوسف نے اردو میں حلف اٹھایا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حمزہ یوسف نے شیروانی کے ساتھ سکاٹ روایتی لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ انہوں نے اپنا دایاں ہاتھ بلند کرکے سکاٹس پارلیمنٹ میں حلف اٹھایا کہ ”میں حمزہ یوسف ایمانداری اور سچے دل سے حلف اٹھاتا ہوں کہ میں ہمیشہ ہر میجسٹی‘ ان کے جانشینوں کا وفادار اور سچے دل سے تابعدار رہوں گا۔ اس میں خدا‘ رب کریم میری مدد فرمائے۔بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے نومنتخب رکن پارلیمنٹ سکاٹ لینڈ حمزہ یوسف نے کہا کہ وہ جتنے سکاٹش ہیں اتنے ہی پاکستانی بھی ہیں۔ میرا اردو میں حلف لینے کا مقصد یہ تھا کہ میں اپنی جیت کو پاکستان کے نام کروں اور یہ کہ پاکستانی اس پر فخر کریں۔ سکاٹش نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ حمزہ یوسف دوسری بار گلاسگو سے رکن پارلیمان منتخب ہوئے ہیں اور سکاٹ لینڈ کی گذشتہ حکومت میں یورپ اور انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں سکاٹش کابینہ میں پہلے مسلمان وزیر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ حمزہ کی والدہ کینیا سے تھیں جبکہ انکے والد کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر میاں چنوں سے ہے۔ حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ وہ سکاٹ لینڈ میں پیدا ہوئے اور یہیں پلے بڑھے۔ انگریزی انکی پہلی زبان ہے لیکن انہوں نے حلف دونوں زبانوں میں اسلئے لیا کیونکہ وہ اپنی ثقافت کو بھولنا نہیں چاہتے۔ سوشل میڈیا پر جہاں حمزہ کے اُردو میں حلف لینے کی تعریف کی گئی وہیں کچھ حلقوں کی جانب سے سکاٹش پالیمان میں پاکستانی کی قومی زبان میں حلف لینے پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
حمزہ یوسف
اردو میں حلف