ششانک منوہر پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کریں :احسان مانی
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) سابق صدر آئی سی سی احسان مانی نے ششانک منوہر کی کھیلوں کی عالمی گورننگ باڈی کے آزاد چیئرمین کی حیثیت سے تقرری کو اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آگے چل کر انہیں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ششانک منوہر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کا کوئی راستہ ڈھونڈنا ہو گا جس کا انحصار دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات پر ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔ منوہر کو پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کرنے چاہئیں۔ وہ لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر کے اس کا مثبت انداز میں آغاز کر سکتے ہیں جس سے یہ واضح پیغام جائے گا کہ آئی سی سی پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے تیار ہے۔