• news

سپریم کورٹ نے سلطان محمود ہنجرا کی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی

اسلام آباد‘ دائرہ دین پناہ (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار) سپریم کورٹ نے مظفر گڑھ کے انتخابی حلقہ این اے 176 سے عام انتخابات 2013ء میں میں کامیاب قرار دیئے جانے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سلطان محمود ہنجرا کی الیکشن ٹریبونل کے فیصلہ کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے انکی قومی اسمبلی کی رکنیت بحال کردی ہے۔ چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اورجسٹس فیصل عرب پر مشتمل تین رکنی بینچ نے گذشتہ روز ، مقدمہ کا 21 اپریل کو محفوظ کیا گیا فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کی جانب سے اپیل کنندہ ، سلطان محمود ہنجرا کوعوامی عہدہ کیلئے نا اہل قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، یاد رہے کہ الیکشن ٹربیونل بہاولپور نے مسلم لیگ (فنکشنل)کے مدمقابل امیدوار غلام مصطفی کھرکی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ٹیکس چوری اور شہریوں کی جائیداد پر قبضے کے الزام میں اپیل کنندہ کو نااہل قرار دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ فیصلہ کی اطلاع ملتے ہی سلطان ہنجرا سجدہ ریز ہو گئے جس کے بعد ہنجرا ہائوس پر جشن کا سماں بن گیا ڈھول کی تھاپ پر لوگوں نے بھنگڑے ڈالے اور کئی من مٹھائی تقسیم ہوئی جبکہ مبارکباد ینے والوں کا تانتا بندھا رھا۔ صوبائی رکن اسمبلی احمد یار ہنجرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج مسلم لیگ (ن) کی فتح کا دن ہے حق اور سچ کی فتح ہوئی ہم پر لگائے جانے والے کرپشن کے الزامات کی سپریم کورٹ نے نفی کر دی ہم عوام اور اللہ کی عدالت میں سرخروہوئے ملک سلطان محمود ہنجرا ممبر قومی اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا طاقت کا سرچشمہ صرف اللہ کی ذات ہے فتح اللہ پاک کے کرم اور حلقہ کی عوام کی دعائوں کا ثمرہ ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن