• news

جوڈیشل کمشن کے حوالے سے چیف جسٹس کا جواب حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے: اعجاز چودھری

لاہور(خبر نگار) تحریک انصاف پنجا ب کے سابق صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حالات اس طرف اشارہ کر رہے ہے کہ عوام کے پاس عوامی احتساب کے سواء کوئی راستہ نہیں بچا، جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے چیف جسٹس کاجواب حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے اور چیف جسٹس کا حکومت کو جواب اپوزیشن کے مئوقف کی تائید ہے۔ سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کو کرپشن اور جمہو ریت میں سے کسی ایک کا انتخابات کرنا ہو گا۔ حکمران اپنی کر پشن اور لوٹ مار کی وجہ سے آج بند گلی میں جا چکے ہیں ۔ (ن) لیگ نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو قومی تحر یک انکے اقتدار کا بوریا بستر گول کر دیگی۔ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے پانامہ لیکس پر حکومتی خواہشات پر مبنی کمیشن کے قیام سے انکار کے بعد قوم کے سامنے متحدہ اپوزیشن کا موقف درست ثابت ہو گیا ہے۔ تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبر ولید اقبال ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں نام آنے والے تمام افراد کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہیے لیکن اس کی شروعات وزیر اعظم سے ہونی چاہیے۔ وہ گزشتہ روز پنجاب بار کونسل کے زیرِ اہتمام پانامہ لیکس پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن