عمران نے سچ بولا‘ نوازشریف کب بولیں گے‘ ملزم نمبر ایک چیئرمین پی ٹی آئی نہیں‘ وزیراعظم ہیں : تحریک انصاف
اسلام آباد (بی بی سی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے پرویز رشید کی پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران ملزم نمبر ایک نہیں نواز شریف ہیں عمران خان نے سچ بولا، نواز شریف کب بولیں گے۔ تحریک انصاف ہر طرح کے احتساب کے لئے تیار ہے۔ نعیم الحق نے کہا کہ میں پرویز رشید کو چیلنج کرتا ہوں کہ انہوں نے جن چھ ارکان کے نام لئے ہیں ان کے خلاف 48 گھنٹوں میں تفتیش کریں اور قانون کے مطابق سزا دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ذاتی طور پر امید نہیں ہے کہ وزیراعظم سوالات کے جوابات دیں گے۔ عمران خان کی آف شور کمپنی کا آج تک کوئی وجود نہیں نواز شریف کے بچوں کی کم از کم 4 آف شور کمپنیاں موجود ہیں۔ عمران خان کی ہمشیرہ کا پانامہ پیپرز میں کوئی ذکر نہیں۔ جھوٹ بولنا اور غلط بیانی کرنا وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید کے فرائض منصبی کا حصہ ہے۔ ان کی منطق کے مطابق تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والوں کی مجموعی طور پر 6 کمپنیاں ہیں۔ وزیر اطلاعات جان بوجھ کر بھول گئے کہ مسلم لیگ میں ایک طرف صرف وزیراعظم کے بچوں کی 4 کمپنیاں ہیں۔ عمران خان کی کمپنی میں استعمال ہونے والی دولت اور ذرائع سب کے علم میں ہیں۔ نواز شریف کے بچوں کی کمپنیوں میں استعمال ہونے والی دولت آج تک نامعلوم ہیں۔ ملزم نمبر ایک نے دو دفعہ قومی ٹی وی کے ذریعے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ ملزم نمبر ایک نے ٹی آر آرز کے ذریعے سپریم کورٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے ملزم نمبر ایک بددیانتی کو اپنے خط میں بے نقاب کیا۔ ملزم نمبر سے ایک سے تفتیش کے لیے پوری قوم اور حزب اختلاف یکجا ہو چکی ہے۔ ملزم نمبر 1 بتائے کہ اس نے 1990 سے آج تک سالانہ کتنا ٹیکس ادا کیا؟ ملزم نمبر 1 جواب دے کہ اس نے الیکشن کمیشن ایف بی آر اور پوری قوم سے اپنے اثاثے کیوں چھپائے۔ وزیراعظم نواز شریف نے 2 مرتبہ قوم سے خطاب کر کے قوم کا وقت اور پیسہ ضائع کیا۔ انتہائی افسوس ہے کہ وزیراعظم نے قوم اور اپوزیشن میں سے کسی کا بھی جواب نہیں دیا۔ ہمارا مطالبہ تھا کہ مشترکہ ٹی آر اوز بنائے جائیں۔ اب چیف جسٹس نے ہمارے موقف کی تائید کر دی ہے۔ عمران خان نے 1980 کی دہائی میں برطانیہ میں کرکٹ کھیلی تھی جس سے کمائے ہوئے پیسوں سے انہوں نے فلیٹ خریدا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 1882ءسے لے کر اب تک ہر سال ٹیکس ادا کیا ہے۔ عمران خان جب پاکستان آئے تھے تو اپنے ساتھ 7 لاکھ پونڈ لائے تھے۔ عمران نے پہلے کہہ دیا تھا اگر پانامہ لیکس پر کوئی کمشن بنتا ہے تو پہلے میری تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کشتی میں سوراخ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کا مقصد ہی عمران خان پر کیچڑ اچھالنا ہوتا ہے۔ نواز شریف سیاسی بصیرت سے ذاتی کردار تک عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ عمران خان قوم سے سچ بولتے ہیں جبکہ نواز شریف جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مطاق عمران خان کے اثاثوں سے پوری قوم واقف ہے۔ وزیراعظم کے اثاثوں کی کسی کو خبر نہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت ٹی او آرز کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے جلد مذاکرات کرے تاکہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کو بجٹ سے پہلے ہی منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ تحریک انصاف نے نواز شریف، شہباز شریف سمیت شریف فیملی کے 5 افراد سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں اور کہا ہے کہ الیکشن کمشن کو دی گئی تفصیلات درست نہیں اور تحریک انصاف خواتین ونگ نے چیئرمین کراس پر روزانہ شام ایک گھنٹہ احتجاج کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تحریک انصاف