رمضان ریلیف پیکج کی پائی پائی عوام تک پنچائیں گے کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں کرونگا :شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے عوام کو رمضان المبارک کے دوران حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے اربوں روپے کا خصوصی پیکیج دیا ہے جس کے تحت ماہ مقدس میں سستا آٹا فراہم کرنے کے لئے پانچ ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ سستا آٹا نہ صرف رمضان بازاروں بلکہ عام مارکیٹوں میں بھی دستیاب ہوگا جبکہ متعلقہ ایسوسی ایشنز چینی، گھی، مرغی کا گوشت اور انڈے سستے داموں رمضان بازاروں میں فراہم کریں گی۔رمضان بازاروں میں صارفین کو چینی، گھی اور چکن عام مارکیٹ سے سستے ملیں گے۔ رمضان بازاروں میں زرعی فئیر پرائس شاپس بھی لگائی جائیں گی جہاں پھل، کھجوریں، سبزیاں اور دالیں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا خلق خدا کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں اور گزشتہ برسوں کی طرح رواں برس بھی ہم سب نے مل کر تاریخی رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہیں۔ انہوں نے کہا رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوری اور دولت کی ہوس میں بعض عناصر اپنے ہم وطنوں کیلئے زحمت کا باعث بن جاتے ہیں لیکن میں ذاتی طور پر رمضان ریلیف پیکیج کی نگرانی کروں گا اور اس پیکیج کی پائی پائی عام آمی تک پہنچائیں گے تاکہ عام آدمی کو ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کے اثرات سے ممکنہ حد تک محفو ظ رکھا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے، کسی کو ناجائز منافع خوری کی آڑ میں عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا اور رمضان پیکیج کے تحت کئے جانے والے تمام اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور ناجائز منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ، سبزیاںاور پھل سستے داموں فراہم کرنے کے حوالے سے جامع میکانزم بنایا گیا ہے اور معیاری اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اشیائے ضروریہ کی کوالٹی پر پہلے کبھی سمجھوتہ کیا نہ اب کروں گا۔ ماہ مقدس کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے سب متعلقہ اداروں کو میدان عمل میں آنا ہوگا اور رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے وضع کردہ جامع میکانزم پر ہر صورت میں عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔ رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے رمضان پیکیج کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور عوام کو سستے داموں معیاری اشیاء کی فراہمی کے پورے عمل میں فعال اور متحرک انداز میں کام کریں کیونکہ یہ ان کی قومی، سماجی اور دینی ذمہ داری ہے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے ’’دی نیشن‘‘ کے سٹاف رپورٹر جواد آر اعوان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔