• news

گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال، کاروبار بھی متاثر

لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہو گئے جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر رہے کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا، تفصیلات کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں 6 سے 8 گھنٹے تک جبکہ 30 فیصد بجلی چوری والے علاقوں میں 10 گھنٹے تک بجلی کی بندش کی جا رہی ہے۔ لیسکو کا بجلی کا خسارہ 8 سو میگاواٹ تک جا پہنچا ہے۔ لیسکو کے آپریشن ڈائریکٹر اسد اللہ نے نوائے وقت کو بتایا کہ لوڈ مینجمنٹ کے تحت بجلی بند کی جا رہی ہے۔ کسی بھی علاقے میں فوری لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ راتیں جاگ کرگزارنے پر مجبور ہو گئے۔ بجل یکی بندش کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈونگہ بونگہ، کمالیہ اور اوکاڑہ میں بھی طویل لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر رہے۔

ای پیپر-دی نیشن