سپریم کورٹ: پی پی 232 سے مسلم لیگ (ن) کے یوسف کسیلیہ کی نااہلی کا فیصلہ برقرار، دوبارہ انتخاب کا حکم
بورے والا + گگو منڈی (نامہ نگاران) سپریم کورٹ نے پی پی 232 بورے والا میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیدیا، عدالت عظمیٰ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلہ کو بحال رکھتے ہوئے (ن) لیگی ایم پی اے یوسف کسیلیہ کو نااہل قرار دے دیا۔ یوسف کسیلیہ نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے انتخابی مہم کے اخراجات چھپائے تھے جنہیں انکے مد مقابل (ن) لیگی ٹکٹ ہولڈر پیر غلام محی الدین نے چیلنج کر رکھا تھا، (ن) لیگی ایم پی اے کی نااہلی پر شیخ فاضل میں پیر غلام محی الدین کے حامی لیگی کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ بورے والا، گگومنڈی کے صوبائی حلقہ پی پی232 سے آزاد حیثیت سے کامیاب ہو کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے چودھری محمد یوسف کسیلیہ کے خلاف اُنکے مدمقابل مسلم لیگ (ن)کے سابق ٹکٹ ہولڈر پیر غلام محی الدین نے الیکشن ٹریبونل میں انتخابی عزرداری داخل کرتے ہوئے یوسف کسیلیہ کی جانب سے انتخابی مہم میں کئے گئے اُن اخراجات کے ثبوت پیش کئے تھے جن کو چودھری یوسف کسیلیہ نے اپنے انتخابی اخراجات کی تفصیل میں چھپایا تھا۔