• news

جناح ہسپتال: گھریلو ناچاقی پر وارڈ بوائے نے چھت سے کود کر خودکشی کر لی

لاہور + فیروزوالہ (نامہ نگار) جناح ہسپتال کے 25 سالہ وارڈ بوائے نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر دوران ڈیوٹی ہسپتال کی تیسری منزل سے نیچے کود کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کردی۔ شہباز نے دو روز قبل بھی میٹرو پل پر چڑھ کر خودکشی کی کوشش کی تھی لیکن لوگوں کے سمجھانے پر وہ پُل سے نیچے اُتر آیا تھا۔ 25سالہ شہباز جناح ہسپتال کے کینسر وارڈ میں ملازم تھا۔ گزشتہ روز دوران ڈیوٹی شہباز ہسپتال کی تیسری منزل سے نیچے کودگیا۔ اسے شدید زخمی حالت میں ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گھریلو ناچاقی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں، اصل حقائق تفتیش کے بعد سامنے آ ئیں گے۔دریں اثنا فیروزوالہ کے نواحی گائوں چک 21 میں زمیندار کے نوجوان بیٹے نے خود کو گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔ 25 عامر نواز نے کسی بات پر دلبرداشتہ ہو کر انتہائی اقدام اٹھایا۔

ای پیپر-دی نیشن