• news

یہ نہیں ہوسکتا سائل فیصلہ کرے اسکا کیس کون سنے گا: جسٹس امیر مسلم

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے سنٹرل انفارمیشن ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی سندھ کے رجسٹرار کی ضمانت کے معاملے میں ہائی کورٹ کو میرٹ پر کیس سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس میں دیئے کہ بنچ کی شکیل سائل کی مرضی پر نہیں ہوسکتی، اگر ایسا ہو تو کسی کیس کا فیصلہ ہی نہ ہوسکے۔ واضح رہے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی نیب کو کرپشن کے الزام میں مطلوب ہے اور سندھ ہائیکورٹ نے انکی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی لیکن ضمانت کے مقدمے کی سماعت کے دوران قبل از ضمانت گرفتاری کا حکم واپس لے لیا گیا۔ہائیکورٹ کی طرف سے درخواست گزار کیخلاف آبزرویشن آنے پر انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری اور ضمانت کے مقدمے کی سماعت کرنے والے ہائیکورٹ کے بنچ کو تبدیل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا یہ نہیں ہوسکتا کہ سائل خود فیصلہ کریگا کہ کون ان کا کیس سنے گا اور کونسا جج نہ سنے،سائلین کی درخواستوں پر اس طرح بنچ تبدیل ہوں تو کسی کیس کا فیصلہ نہیں ہوسکے گا، بے سرو پا الزامات پر بنچ تبدیل نہیں کئے جاسکتے۔

ای پیپر-دی نیشن