• news

ایبٹ آباد: عنبرین کو زندہ جلانے کے معاملے میں خفیہ ہاتھ سرگرم، کیس سی ٹی ڈی سے واپس لے لیا گیا، ایک اور ملزم گرفتار

ایبٹ آباد(آن لائن) عنبرین قتل کیس میں خفیہ ہاتھ سرگرم۔ تفتیش سی ٹی ڈی سے واپس لے لی گئی۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایاکہ تھانہ ڈونگا گلی کی حدود مکول پائیں میں مقامی جرگہ کے حکم پر گلا دبا کر نیم مردہ حالت میں جلا کرقتل کی جانیوالی 17سالہ عنبرین کے قتل میں اس کی والدہ سمیت 15افراد گرفتار ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق عنبرین کے قتل کی تفتیش سی ٹی ڈی سے لیکر پولیس کے حوالے کردی گئی ہے اور اب اس کیس کی تفتیش تھانہ ڈونگا گلی کے اے ایس آئی مطلوب خان کررہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عنبرین قتل کیس میں گرفتار بااثر ملزموںکو بچانے کیلئے کیس کی تفتیش پولیس کے حوالے کی گئی۔ قبل ازیں پولیس نے لڑکی عنبرین کو زندہ جلانے کا حکم دینے والے جرگے میں شریک ملزم پرویز ریڑھی بان کو گرفتار کر لیا اور انسداد دہشت گردی کی عدالت سے پندرہ روزکا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ تفتیش کے دوران دوسرے جرگے میں پرویز ریڑھی بان کی موجودگی ثابت ہوگئی جس میں عنبرین کو گلا دبا کر نیم مردہ حالت میں گاڑی میں رکھ کر جلایا گیا تھا۔ اس کیس کے مفرور ملزم واجد عرف بھولا کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن