• news

آسٹریلیا کا فاٹا متاثرین کیلئے30لاکھ آسٹریلین ڈالرز امداد کا اعلان

اسلام آباد(آئی این پی) آسٹریلیا نے فاٹا متاثرین کے لیے 30لاکھ آسٹریلین ڈالرز امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم بذریعہ عالمی ادارہ خوراک حکومت پاکستان کی طرف سے فاٹا متاثرین کے لیے فراہم کی جانے والی 8126میٹرک ٹن گندم کی آٹے میں منتقلی، اس میں قوت بخش اجزاء کی آمیزش اور آئی ڈی پیز کیمپس تک ترسیل میں صرف ہوگی۔ ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ 2ہزار متاثرین اس سے مستفید ہوں گے۔ امداد کا اعلان آسٹریلیا کی سفیر مارگریٹ ایڈمسن نے گزشتہ روز عالمی ادارہ خوراک کے مرکزی دفتر میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیرِ سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوارڈی نیٹر نیل بون، عالمی ادارہ خوراک کے ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیا اینڈ پیسیفک ڈیوڈ کاٹریڈ اور عالمی ادارہ خوراک کی نمائندہ برائے پاکستان لولا کاسترو بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن