پاکستان سے آئندہ چند ماہ میں پولیو کا خاتمہ ممکن ہے: عالمی ادارہ صحت
نیویارک (این این آئی) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران پاکستان سے پولیو کی بیماری کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں ادارے کے نمائندے ڈاکٹر مائیکل تھیئرن نے ’’بی بی سی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پاکستان اور اس کے پڑوسی ملک افغانستان میں پولیو کے چند مریض ہی سامنے آئے ہیں۔ ادھر پیر کو پاکستان اور افغانستان میں انسدادِ پولیو کی مہم کا آغاز ہوا ہے جس کے تحت آئندہ تین روز میں لاکھوں بچوں کو پولیو سے تحفظ کی دوا پلائی جائیگی۔ پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے خدشات کے بارے میں بات کرتے ہوئے مائیکل تھیئرن نے کہا کہ بعض علاقوں میں پولیو کی دوا دینے والے عملے کے لئے سکیورٹی ایک مسئلہ ہوگی اور انہیں پولیس سکیورٹی کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا: ’ہمیں لاجسٹک اور سکیورٹی دونوں سطحوں پر چیلنجز کا سامنا ہے۔ عملے کے تقریباً 70 ہزار ارکان 98 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو کی دوا پلائیں گے اور ان کے ساتھ محفوظ اور مشکل مقامات کیلئے پولیس کے حفاظتی دستے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ پولیو کے خاتمے کے بہت قریب ہیں ٗرواں سال چند کیسز ہی سامنے آئے ہیں ٗ ہمیں امید ہے کہ ہم پاکستان میں پولیو کے خاتمے سے چند ماہ کے فاصلے پر ہیں۔