• news

مخالفین کا نصب دھرنے ہیں 2018 ء میں خیبر پی کے بھی پی ٹی آئی کے پاس نہیں رہے گا:نواز شریف

ڈیرہ اسماعیل خان + بھکر (ایجنسیاں + نامہ نگار) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین کے نصیب میں دھرنے ہیں، وہ دھرنے دیتے رہیں جبکہ ہم ملکی ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، تبدیلی کے دعوے کرنے والے نیا خیبرپی کے تو بنا نہیں سکے نیا پاکستان کیا بنائیں گے، 2018ء کے انتخابات کے بعد خیبرپی کے بھی پی ٹی آئی کے پاس نہیں رہے گا، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام مل کر نیا پاکستان بنائیں گے، میگا پراجیکٹس بالخصوص شاہرات کے منصوبے ملک کی تقدیر بدل دینگے، 2018ء میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ وہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کے مخالفین نے بنوں میں بھی جلسہ کے دوران 3سوال کئے تھے جن کا جواب انہیں نفی میں ملا۔ میں یہاں اپنے مخالفین کی بات کرنے نہیں آیا، تبدیلی کے دعوے کرنے والے نیا خیبرپی کے تو بنا نہیں سکے اور نیا پاکستان بنانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ان کی کارکردگی کی بناء پر خیبرپی کے ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے، پشاور کے حالیہ ضمنی انتخاب میں وہ ہار گئے ہیں۔ پی ٹی آئی چوتھے نمبر پر آئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میٹرو بس شروع کی اور وہ پشاور جیسے بڑے شہر میں بھی ایسا منصوبہ نہیں بنا سکے، پشاور کے لوگ جان گئے ہیں کہ یہ کوئی نیا پاکستان نہیں بنا رہے، وزیراعظم نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمن اور ان کی جماعت کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اصولوں پر ان کا ساتھ دیا ہے۔ انشاء اﷲ فتح ہماری ہوگی اور ہم ضرور سرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ آج ایک نئی پارٹنرشپ بننے جارہی ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریگی اور یہ پارٹنرشپ دیرپا ہوگی۔ وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹی کے قیام اور پچاس کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنیشنل ائرپورٹ بننے کا انتظار نہیں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ ڈیرہ اسماعیل خان ائرپورٹ سے اے ٹی آر طیاروں کی مقامی اور بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کا انتظام کریں تا کہ علاقے کے لوگوں کو فضائی سفر کی مناسب سہولیات میسر آ سکیں۔ وزیراعظم نے ڈیرہ اسماعیل خان میں گیس کی فراہمی کے منصوبوں کے لئے 77کروڑ روپے مختص کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کے لئے 120ارب روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس کی تکمیل سے 3لاکھ ایکڑ رقبہ سیراب ہو سکے گا۔ منصوبے کے متعلق تکنیکی کام کو تین ماہ میں مکمل کیا جائے، اس منصوبے کی لاگت کا 65 فیصد وفاقی حکومت اور 35 فیصد صوبائی حکومت ادا کرے گی۔ انہوں نے ٹانک زام ڈیم کی فزیبلٹی سٹڈی کے لئے 8کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کو سیلاب سے بچانے کے لئے حفاظتی بند کی فزیبلٹی سٹڈی پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان والے بتائیں کہ نیا پاکستان کہیں نزدیک نزدیک بن رہا ہے تو مجھے بھی دکھائو، نوجوان کھلونا نہیں پاکستان کا اثاثہ ہیں تحریک انصاف نیا خیبر پی کے نہیں بنا سکی نیا پاکستان کیسے بنا پائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن