• news

اپوزیشن تقسیم ہو رہی ہے، دھرنے والے پھر اکیلے رہ جائیں گے : وزیر خزانہ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اپوزیشن تقسیم در تقسیم ہورہی ہے۔ دھرنے والے پھر اکیلے رہ جائیں گے۔ معاملہ کچھ بھی ہو پاکستان کی ترقی متاثر نہیں ہونی چاہئے۔ وزیراعظم نے خود کو ایوان میں احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے، وزیراعظم کے خاندان سمیت کوئی بھی احتساب سے بالاتر نہیں، یہ کسی ایک شخص کا معاملہ نہیں، سینکڑوں افراد کے نام سے متعلق چھان بین ہونی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی پانامہ لیکس کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں، فیصلہ کیا گیا ہے کہ کمیٹی میں دونوں ایوانوں سے ارکان لئے جائیں، پارلیمانی کمیٹی متفقہ ٹی او آرز بنائے گی،اپوزیشن کے ضابطہ کار پر بھی غور ہو سکتا ہے،پارلیمانی کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی سب اسے قبول کریں گے۔ بگڑی ہوئی ملکی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، مٹی نہیں ڈال سکتے، 2018ء کے انتخابات جیتنے کے بعد بھی متفقہ چارٹر آف اکانومی کے مؤقف پر قائم رہیں گے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کمیٹی کریگی۔ حکومت کا ترقیاتی ایجنڈا شرح نمو میں اضافہ ہے، سی پیک شرح نمو میں اضافہ کیلئے اہم کردار ادا کریگا۔ 2018ء تک شرح نمو کو سات فیصد تک بڑھایا جائیگا۔ حکومت ڈیجیٹل ترقی کے ذریعے سماجی اور معاشی گیپ کو ختم کررہی ہے، پاکستان براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے بہترین منزل بن چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن